مون سون بارشوں کا آخری سپیل آج سے شروع ہونے کا امکان، 6 ستمبر تک جاری رہنے کی پیشگوئی

مون سون بارشوں کا آخری سپیل آج سے شروع ہونے کا امکان، 6 ستمبر تک جاری رہنے کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کے آخری سپیل کی پیشگوئی کردی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا نیا سلسلہ آج دوپہر کے بعد شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش متوقع ہے۔

مری اور گلیات سمیت کشمیر اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بارشوں کے باعث بالائی علاقوں میں موسم مزید سرد اور خنک ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام، پشاور، نوشہرہ، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بھی موسلادھار بارش ہوسکتی ہے، جبکہ پنجاب کے جہلم، چکوال، اٹک، سیالکوٹ اور گجرات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کا موجودہ سلسلہ 6 ستمبر تک جاری رہ سکتا ہے۔ اس دوران بالائی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث شہریوں اور مسافروں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

More News