خیبرپختونخوا میں اساتذہ کیلئے نئی ہدایات، اسکول اوقات میں محکمہ تعلیم کے دفاتر جانے پر پابندی

خیبرپختونخوا میں اساتذہ کیلئے نئی ہدایات، اسکول اوقات میں محکمہ تعلیم کے دفاتر جانے پر پابندی

پشاور: خیبرپختونخوا کے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے اساتذہ کے سرکاری دفاتر کے دوروں سے متعلق نئی ہدایات جاری کردی ہیں، جس کے تحت اساتذہ کو اسکول ڈیوٹی کے اوقات میں محکمہ تعلیم کے مختلف دفاتر جانے سے روک دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ڈائریکٹوریٹ آف ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبرپختونخوا پشاور کی جانب سے باقاعدہ آفس آرڈر جاری کیا گیا ہے۔ حکم نامے میں تمام اساتذہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ اسکول اوقات کے دوران محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے سیکریٹریٹ، ڈائریکٹوریٹ یا متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کے دفاتر کا دورہ نہ کریں۔

محکمہ تعلیم کے مطابق اسکول کے تدریسی اوقات میں اساتذہ کی موجودگی تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل اور طلبہ کو بروقت تدریسی سہولیات کی فراہمی کے لیے ضروری ہے۔ اسی وجہ سے اساتذہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری امور سے متعلق کسی بھی دفتر کا دورہ اسکول کے مقررہ اوقات کے علاوہ کیا جائے۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئے احکامات کا مقصد اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری یقینی بنانا اور تدریسی عمل کو متاثر ہونے سے بچانا ہے۔ تمام متعلقہ افسران اور اساتذہ کو جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

More News