بالائی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ، این ڈی ایم اے نے 48 گھنٹوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران متوقع بارشوں کے باعث گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیلاب اور ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے سے خبردار کر دیا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے بالائی علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور مقامی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں متوقع بارشوں کے نتیجے میں دریاؤں کے بہاؤ میں اضافہ جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔ اس صورتحال کے باعث گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، پنجاب اور خطہ پوٹھوہار کے متعدد علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان میں گلگت، دیامر، غذر، ہنزہ، سکردو، استور اور شگر کے علاقوں کو ممکنہ خطرے کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے نے ان علاقوں میں بارشوں کے دوران ندی نالوں اور دریاؤں کے بہاؤ میں اچانک اضافے سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور نوشہرہ میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بالائی علاقوں میں شدید بارش کی صورت میں پہاڑی ندی نالوں میں اچانک طغیانی کا خطرہ بھی موجود ہے۔
آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں کو بھی ممکنہ بارشوں کے باعث خطرے سے دوچار قرار دیا گیا ہے۔ باغ، پونچھ، مظفرآباد، حویلی، بھمبر، سدھنوتی، میرپور اور کوٹلی میں سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خطہ پوٹھوہار اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی بارش کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی اور سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال اور جہلم کے علاوہ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، شیخوپورہ، نارووال اور قصور کو بھی ممکنہ متاثرہ علاقوں میں شامل کیا گیا ہے۔
اوکاڑہ، وزیرآباد، حافظ آباد اور سرگودھا میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران ندی نالوں، دریاؤں اور نشیبی علاقوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔
این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری وسائل اور مشینری دستیاب رکھی جائے، حساس علاقوں کی نگرانی کی جائے اور ضرورت پڑنے پر شہریوں کے محفوظ انخلا کے انتظامات فوری طور پر فعال کیے جائیں۔
متوقع بارشوں کے پیش نظر شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔






