پشاور میں اشتہاری مجرم کی گرفتاری کے دوران پولیس پارٹی پر حملہ، 2 حملہ آور ہلاک

پشاور میں اشتہاری مجرم کی گرفتاری کے دوران پولیس پارٹی پر حملہ، 2 حملہ آور ہلاک

پشاور کے تھانہ شاہ پور کی حدود نادرن بائی پاس پر بدنام زمانہ اشتہاری مجرم ممتاز عرف ممتازے کو گرفتار کرنے والی پولیس پارٹی پر مسلح افراد نے شدید حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں دو ایس ایچ اوز زخمی ہوگئے۔

سی سی پی او پشاور کے مطابق پولیس پارٹی اشتہاری مجرم ممتاز عرف ممتازے کو لینے کے لیے کارروائی کر رہی تھی کہ اس دوران حملہ آوروں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی اور ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا۔

حملے کے نتیجے میں دو ایس ایچ اوز زخمی ہوئے، جبکہ اشتہاری مجرم ممتاز عرف ممتازے بھی شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی پولیس افسران اور مجرم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

پولیس نے حملے کے بعد فوری طور پر جوابی کارروائی کی، جس کے دوران دو حملہ آور ہلاک ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ پولیس کی جانب سے علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے تاکہ دیگر ممکنہ حملہ آوروں یا سہولت کاروں کا سراغ لگایا جاسکے۔

سی سی پی او پشاور کے مطابق واقعے سے متعلق مزید تفصیلات سرچ آپریشن مکمل ہونے کے بعد جاری کی جائیں گی۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد نادرن بائی پاس اور اطراف کے علاقوں میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے، جبکہ مشتبہ افراد کی موجودگی کے حوالے سے بھی مختلف مقامات کی تلاشی لی جارہی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور حملے میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

More News