سندھ کابینہ کا فنانس کمیشن اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے متعلق بڑا فیصلہ
کراچی: سندھ کابینہ نے صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کی تیاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم فیصلے کرلیے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں ڈاکٹر اشرف واست کو 6 ماہ کے لیے مالیاتی ماہر مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔ وہ نئے صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کی تیاری میں تکنیکی معاونت فراہم کریں گے۔
کابینہ کو بتایا گیا کہ نئے ایوارڈ کے لیے تفصیلی مالیاتی تجزیہ اور وسائل کی تقسیم کا نیا ماڈل تیار کیا جائے گا، جبکہ سابقہ ایوارڈز کا جائزہ لینے کے ساتھ متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت بھی کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت اور مقامی کونسلوں کے درمیان مالی وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لیے صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ انتہائی اہم ہے۔
اجلاس میں سندھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ دوسری ترمیمی بل 2026 کی بھی منظوری دی گئی اور پی پی پی یونٹ کو حکومت کی ملکیت والی نجی لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
نئی کمپنی کا نام سندھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پرائیویٹ لمیٹڈ ہوگا، جبکہ موجودہ یونٹ کے اختیارات، فرائض، عملہ، معاہدے اور ریکارڈ نئی کمپنی کو منتقل کیے جائیں گے۔
کابینہ کے مطابق تنظیم نو سے پی پی پی منصوبوں کا ادارہ جاتی نظام مضبوط، انتظامی کارکردگی بہتر اور منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے میں مدد ملے گی، جبکہ موجودہ ملازمین اور آپریشنز کا تسلسل برقرار رہے گا۔






