پنجاب میں ماحولیاتی خلاف ورزیوں کی نگرانی سخت کرنے کیلئے گرینڈ آپریشن کا فیصلہ
لاہور: پنجاب حکومت نے ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں کی نگرانی مزید سخت کرنے اور صوبے بھر میں گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں ماحولیاتی آلودگی کے خلاف جاری کارروائیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ’صاف لاہور، صحت مند پنجاب‘ پروگرام پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے، جبکہ ماحولیاتی ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ بھی تیز کردیا گیا ہے۔
بریفنگ کے مطابق ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر 18 یونٹس کو نوٹس جاری کیے گئے جبکہ 4 یونٹس سیل کیے جاچکے ہیں۔ اسی طرح تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی پر 6 مقامات سیل کیے گئے۔
پولی تھین بیگز کے خلاف کارروائی کے دوران بھی 36 مقامات سیل کیے گئے ہیں۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی میں 10 گاڑیاں تحویل میں لی گئیں، جبکہ 24 چالان کیے گئے اور 24 گاڑیاں سیل کردی گئیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ فصلوں کی کٹائی کے موسم کے پیش نظر فضائی آلودگی میں اضافے کے خدشے کے باعث صوبے بھر میں ماحولیاتی نگرانی اور کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
حکام کو ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے صنعتی یونٹس، تعمیراتی مقامات، پولی تھین استعمال کرنے والوں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف مؤثر کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ گرینڈ آپریشن کا مقصد ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا، شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنا اور ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔








