وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے این ایل سی پر الزامات، ادارے نے وضاحت کردی

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے این ایل سی پر الزامات، ادارے نے وضاحت کردی

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی جانب سے نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) کے منصوبوں سے متعلق بیان پر ادارے نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے ناقص کارکردگی کی بنیاد پر ختم نہیں کیے گئے۔

این ایل سی کے مطابق خیبرپختونخوا میں سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے دور حکومت میں صوبائی کابینہ نے بعض منصوبے ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم ان میں سے کسی منصوبے کو این ایل سی کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے ختم نہیں کیا گیا۔

ادارے کا کہنا ہے کہ منصوبوں کی تکمیل یا خاتمے کا بنیادی سبب فنڈز کی عدم دستیابی تھا۔ این ایل سی نے واضح کیا کہ متعلقہ منصوبوں کو مالی وسائل کی کمی کے باعث ختم کیا گیا، جبکہ کارکردگی کے حوالے سے وزیراعلیٰ کی جانب سے سامنے آنے والا مؤقف حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا۔

این ایل سی کے مطابق صوبے میں جاری منصوبوں پر کام بھی جاری ہے اور ان منصوبوں کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کیے جانے کے امکانات موجود ہیں۔ ادارے نے اپنے مؤقف میں منصوبوں کی بروقت تکمیل اور کارکردگی کے حوالے سے مثبت پیش رفت کی نشاندہی کی ہے۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کابینہ اجلاس کے دوران این ایل سی کے بعض منصوبوں اور اس کی کارکردگی سے متعلق گفتگو کی تھی، جس کے بعد این ایل سی کی جانب سے یہ وضاحت سامنے آئی۔

این ایل سی کی وضاحت کے بعد صوبائی حکومت اور ادارے کے درمیان منصوبوں کے خاتمے کی وجوہات سے متعلق مؤقف میں واضح فرق سامنے آیا ہے۔ معاملہ اب سیاسی اور انتظامی حلقوں میں بھی زیر بحث ہے۔

More News