10 روپے کا نوٹ بند ہونے کی آخری تاریخ سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں: سٹیٹ بینک

10 روپے کا نوٹ بند ہونے کی آخری تاریخ سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں: سٹیٹ بینک

کراچی: سٹیٹ بینک آف پاکستان نے 10 روپے کے بینک نوٹ کی بندش اور اسے تبدیل کرانے کی آخری تاریخ سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

سٹیٹ بینک کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ 10 روپے کے نوٹ کو بند کرنے یا اسے تبدیل کرانے کی آخری تاریخ مقرر کیے جانے سے متعلق اطلاعات حقائق کے منافی ہیں۔ ترجمان کے مطابق کسی بھی مالیت کے موجودہ کرنسی نوٹ کو بند یا تبدیل کرنے کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق نئے بینک نوٹوں کی سیریز متعارف کرانے کی تجویز ضرور پیش کی گئی ہے، تاہم یہ تجویز اس وقت وفاقی کابینہ کے زیر غور ہے۔ اس حوالے سے حتمی فیصلہ ہونے کے بعد ہی کسی نئے اقدام پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ اس وقت 10 روپے سمیت کسی بھی مالیت کے بینک نوٹ کو بند کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا۔ لہٰذا سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایسی اطلاعات جن میں کسی مخصوص تاریخ کو 10 روپے کا نوٹ واپس لینے یا تبدیل کرانے کی آخری تاریخ قرار دیا جا رہا ہے، درست نہیں ہیں۔

سٹیٹ بینک نے عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر مستقبل میں کسی بینک نوٹ کو بند کرنے یا تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو اس حوالے سے عوام کو مناسب وقت دیا جائے گا تاکہ شہری اپنے پاس موجود نوٹ مقررہ طریقہ کار کے مطابق تبدیل کرا سکیں۔

ترجمان کے مطابق کسی بھی کرنسی نوٹ سے متعلق اہم فیصلے کے بارے میں عوام کو باقاعدہ اور سرکاری ذرائع کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔ عوام کو چاہیے کہ غیر مصدقہ سوشل میڈیا پوسٹس اور پیغامات پر انحصار کرنے کے بجائے سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ سرکاری معلومات کو ترجیح دیں۔

سوشل میڈیا پر کرنسی نوٹوں کی بندش سے متعلق افواہیں گردش کرنے کے بعد عوام میں بھی تشویش پیدا ہوئی تھی، تاہم مرکزی بینک کی وضاحت کے بعد 10 روپے کے نوٹ کی بندش اور اسے تبدیل کرانے کی کسی آخری تاریخ سے متعلق اطلاعات کی تردید ہوگئی ہے۔

سٹیٹ بینک نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کرنسی نوٹوں کے حوالے سے کسی بھی خبر کی تصدیق کیے بغیر اسے آگے شیئر نہ کریں اور مالی معاملات سے متعلق معلومات کے لیے صرف مستند اور سرکاری ذرائع سے رجوع کریں۔

More News