خیبرپختونخوا کے مجوزہ پولیس ایکٹ 2026 میں اہم تبدیلیاں

خیبر پختونخوا کے مجوزہ پولیس ایکٹ 2026 میں اہم تبدیلیاں

پشاور: خیبرپختونخوا مجوزہ پولیس ایکٹ 2026 کے اہم نکات سامنے آگئے، جس کے تحت پولیس کے انتظامی، آپریشنل اور مالی معاملات میں صوبائی حکومت کے اختیارات بڑھانے کی تجاویز دی گئی ہیں۔

مجوزہ ایکٹ کے مطابق آئی جی خیبرپختونخوا کی تعیناتی کا اعلامیہ صوبائی حکومت جاری کرے گی، جبکہ کارکردگی سے متعلق تحفظات کی صورت میں وفاق سے مزید نام طلب کیے جا سکیں گے۔ آئی جی کی غیر موجودگی میں ایڈیشنل آئی جی ہیڈکوارٹرز قائم مقام آئی جی ہوں گے۔

مسودے میں ایڈیشنل آئی جی، ایس پی اور ایس ایس پی کے تبادلوں کا اختیار وزیراعلیٰ کو دینے جبکہ ڈی ایس پیز اور اے ایس پیز کے تبادلوں کا اختیار ہوم سیکریٹری کو دینے کی تجویز ہے۔ پولیس افسران کی پوسٹنگز اور تبادلوں کا مجموعی اختیار بھی صوبائی حکومت کو منتقل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

مجوزہ ایکٹ کے تحت پولیس پالیسی بورڈ کی سربراہی آئی جی کے بجائے وزیراعلیٰ کو دینے اور پولیس کی آپریشنل، انتظامی اور مالی پالیسیوں کے اختیار میں بھی تبدیلی کی تجویز سامنے آئی ہے۔ موجودہ قانون میں پولیس پالیسی بورڈ کی سربراہی صوبائی پولیس افسر کے پاس ہے۔

قانونی معاملات میں پولیس کی جانب سے براہِ راست جواب جمع کرانے کے بجائے محکمہ قانون اور ایڈووکیٹ جنرل آفس سے منظور شدہ جواب جمع کرانے کی تجویز بھی شامل ہے۔

مجوزہ تبدیلیوں پر پولیس حکام کی جانب سے تحفظات بھی سامنے آئے ہیں۔ دوسری جانب صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم کا کہنا ہے کہ ترامیم کا مقصد پولیس نظام میں بہتری، نگرانی اور اختیارات کے مؤثر استعمال کے لیے چیک اینڈ بیلنس مضبوط کرنا ہے۔

More News