شدید بارش، موٹروے کے مختلف حصوں پر مسافر گاڑیوں کا داخلہ بند

شدید بارش، موٹروے کے مختلف حصوں پر مسافر گاڑیوں کا داخلہ بند

اسلام آباد: شدید بارش کے باعث موٹروے کے مختلف حصوں پر مسافر بردار گاڑیوں کا داخلہ بند کردیا گیا۔ حکام کے مطابق خراب موسم کے باعث ایم ون اور ای 35 کے بعض حصوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔

حکام کے مطابق ایم ون پر اسلام آباد مین ٹول پلازہ سے برہان انٹرچینج تک مسافر بردار گاڑیوں کا داخلہ روک دیا گیا ہے۔ اسی طرح ای 35 پر شاہ مقصود انٹرچینج سے برہان انٹرچینج تک بھی مسافر گاڑیوں کی آمدورفت معطل کردی گئی ہے۔

متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ دونوں مقامات پر شدید بارش کے باعث یہ اقدام مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

دوسری جانب پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی، جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔

راولپنڈی میں شدید بارش کے پیش نظر رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ ایم ڈی واسا کے مطابق تمام فیلڈ افسران کو متحرک کردیا گیا جبکہ نشیبی علاقوں میں واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری تعینات کردی گئی ہے۔

حکام کے مطابق نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 5 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 2 فٹ ریکارڈ کی گئی۔

More News