وزیراعظم کی محسن نقوی سے ملاقات، خیبرپختونخوا میں امن کیلئے سخت فیصلوں پر غور

وزیراعظم کی محسن نقوی سے ملاقات، خیبرپختونخوا میں امن کیلئے سخت فیصلوں پر غور

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں ملک کی مجموعی صورتحال کے علاوہ خیبرپختونخوا میں امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے وزیراعظم کو خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات اور طے شدہ نکات سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت تحریری معاہدے پر دستخط اور 72 گھنٹوں میں عملدرآمد کا منصوبہ دینے پر رضامند ہوئی تھی، تاہم مذاکرات کے آخری مرحلے میں بعض طے شدہ نکات سے پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ملاقات میں پولیس اور سکیورٹی معاملات کو سیاسی مداخلت سے محفوظ رکھنے، دہشت گردوں کو آزادانہ کارروائیوں اور محفوظ پناہ گاہوں سے روکنے، جبکہ ٹی ٹی پی، ٹی ٹی اے اور دیگر دہشت گرد گروہوں کی مذمت سمیت مختلف امور زیر بحث آئے۔

ذرائع کے مطابق افغان مہاجرین کی واپسی سے متعلق قومی پالیسی کی حمایت، صوبے میں افغان مہاجر کیمپوں کے خاتمے اور عبوری افغان حکومت سے صوبائی سطح پر رابطہ نہ رکھنے پر بھی اتفاق ہوا تھا۔ انسداد دہشت گردی آپریشنز اور پولیس کیلئے مناسب فنڈز مختص کرنے، نیشنل ایکشن پلان پر مؤثر عملدرآمد اور مسلح افواج کے ساتھ تعاون بھی زیر غور آیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امن و امان کی بہتری کیلئے فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد ضروری ہے اور امن و سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے آئندہ کی حکمت عملی اور ممکنہ اقدامات پر بھی مشاورت کی گئی۔

More News