خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی ،اہم فیصلہ

محسن نقوی اور فیصل کریم کنڈی کی ملاقات، گورنر راج اور ایمرجنسی پر آئینی کردار کا عندیہ

پشاور کے گورنر ہاؤس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں صوبے کی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کی تصدیق متعدد ذرائع نے کی ہے۔

ملاقات میں خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال اور دہشتگردی کے خلاف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق لانگ مارچ کے دوران سکیورٹی صورتحال اور بعض حساس مقامات سے متعلق خدشات پر بھی بات چیت ہوئی۔

ملاقات کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق صوبائی حکومت کے دہشتگردی کے خلاف اقدامات اور پالیسیوں پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ اعلامیے میں صوبائی حکومت پر غیر ذمہ دارانہ طرز عمل اور مؤقف میں تبدیلی کے الزامات بھی عائد کیے گئے۔

اعلامیے کے مطابق لانگ مارچ کے دوران سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کا معاملہ بھی زیر بحث آیا اور اسے اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات سے متصادم قرار دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا گیا۔

ملاقات میں خیبر پختونخوا کی موجودہ سیاسی اور سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں آئینی آپشنز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر ہاؤس کی جانب سے کہا گیا کہ اگر صوبے کے حالات کے پیش نظر گورنر راج یا ایمرجنسی نافذ کرنے کی نوبت آتی ہے تو گورنر ہاؤس اپنا آئینی کردار ادا کرے گا۔

خیبر پختونخوا میں امن و امان اور سیاسی کشیدگی کے باعث وفاقی و صوبائی حکومت کے درمیان اختلافات مزید نمایاں ہو گئے ہیں، جبکہ لانگ مارچ اور گورنر راج کے امکانات سے متعلق سیاسی بحث بھی جاری ہے۔

ملاقات میں انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا، چیف سیکرٹری اور کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری بھی موجود تھے۔

More News