وزیراعظم کی گیس کی بلاتعطل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت

وزیراعظم کی گیس کی بلاتعطل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے علاقائی صورتحال کے تناظر میں ملک میں گیس کی بلاتعطل درآمد یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ وزیراعظم نے یہ ہدایت موسم سرما میں گیس کی طلب اور رسد سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔

اجلاس میں موسم سرما کے دوران گیس کی طلب، رسد اور لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سردیوں میں گیس کی ضروریات پوری کرنے کے لیے جامع حکمت عملی پہلے سے تیار کی جائے اور تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔

وزیراعظم نے علاقائی صورتحال کے پیش نظر گیس کی درآمد میں کسی بھی ممکنہ رکاوٹ سے بچنے کے لیے اقدامات یقینی بنانے پر زور دیا۔ حکام کو گیس کی دستیابی اور ترسیل کے نظام کو مؤثر رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ موسم سرما میں مقامی طور پر پیدا ہونے والی گیس کی فراہمی میں گھریلو صارفین کو ترجیح دی جائے گی، جبکہ درآمدی ایل این جی (RLNG) کو بجلی پیدا کرنے اور صنعتی شعبے کی ضروریات کے لیے ترجیحی بنیادوں پر استعمال کیا جائے گا۔

حکام نے اجلاس کو بتایا کہ ملک کے شمالی علاقوں میں موجود قدرتی گیس کے ذخائر سے گیس کی بلاتعطل ترسیل یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں گیس کے نظام کو سردیوں کی اضافی طلب کے مطابق منظم کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

اجلاس میں گھریلو سطح پر گیس کی کھپت کم کرنے کے لیے متبادل توانائی کے ذرائع کے استعمال کو فروغ دینے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔ اس مقصد کے لیے عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ شہری پانی اور گھروں کو گرم رکھنے کے لیے بجلی سے چلنے والے آلات سمیت دیگر متبادل ذرائع استعمال کریں۔

حکام نے بجلی سے چلنے والے پانی اور گھر گرم کرنے کے آلات کی خریداری کے لیے بینکوں کے ذریعے مالی سہولت فراہم کرنے کی تجویز سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ موسم سرما کے دوران توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مربوط اقدامات کیے جائیں تاکہ گھریلو صارفین، بجلی پیدا کرنے والے اداروں اور صنعتی شعبے کو گیس کی فراہمی میں ممکنہ مشکلات سے بچایا جا سکے۔

More News