خیبرپختونخوا میں بڑھتی دہشتگردی ہر قیمت پر روکنا ہوگی، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی کو ہر قیمت پر روکنا ہوگا، جبکہ صوبے کے عوام کی دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ خیبرپختونخوا میں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی ہو اور عوام کو بنیادی سہولیات اور بہتر مواقع میسر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیاں قابل قدر ہیں۔
وزیراعظم نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں عوامی فلاح، ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں علاقوں میں ترقی اور عوام کی خوشحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دھرنوں اور لانگ مارچ کی سیاست پر بھی بات کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں ترقی اور خوشحالی کے لیے کام جاری ہے، تاہم لانگ مارچ سے معیشت متاثر ہوسکتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔ انہوں نے تحریک انصاف سے دھرنوں اور لانگ مارچ کی سیاست ترک کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔








