وزیراعلیٰ سہیل آفریدی لانگ مارچ چھوڑ کر سی ایم ہاؤس روانہ
پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی لانگ مارچ چھوڑ کر پشاور واپس روانہ ہوگئے، جہاں وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی آج 7 اکتوبر کو پشاور ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن سے متعلق اپنے خلاف زیر سماعت کیس کی کارروائی کے باعث لانگ مارچ کے کنٹینر سے روانہ ہوئے۔
سہیل آفریدی کی پشاور واپسی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پشاور ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹس کے خلاف ان کی دائر درخواست پر آج سماعت مقرر ہے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے الیکشن کمیشن کے نوٹس کے خلاف پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔ کیس کی سماعت جسٹس ارشد علی اور جسٹس محمد فہیم ولی پر مشتمل دو رکنی بینچ کرے گا۔
گزشتہ سماعت کے دوران وزیراعلیٰ کی جانب سے وکیل تبدیل کیے جانے کے باعث کیس کی سماعت ملتوی کردی گئی تھی۔ عدالت نے کیس کی مزید کارروائی کے لیے 7 اکتوبر کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے آج ہی دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔
دوسری جانب سہیل آفریدی کی واپسی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب خیبرپختونخوا سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ وزیراعلیٰ کی پشاور میں موجودگی اور عدالت میں پیش ہونے کے معاملے کو آج کی عدالتی کارروائی کے تناظر میں اہم قرار دیا جارہا ہے۔








