لوئر چترال پولیس کے 14 ہیڈ کانسٹیبلز اے ایس آئی کے عہدے پر ترقی پاگئے
چترال: لوئر چترال پولیس کے 14 ہیڈ کانسٹیبلز کو اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔ ترقی پانے والے اہلکاروں کے اعزاز میں ڈی پی او آفس بَلچ، لوئر چترال میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال ریشم جہانگیر، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر عزیز الدین، ایس ڈی پی او سرکل چترال احمد عیسیٰ، ایس ڈی پی او سرکل بمبوریت حسن اللہ، ڈی ایس پی سکیورٹی قربان پناہ اور ترقی پانے والے افسران کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران ڈی پی او ریشم جہانگیر اور دیگر سینئر پولیس افسران نے ترقی پانے والے اہلکاروں کو نئے رینک کے بیجز لگائے اور انہیں محکمانہ ترقی پر مبارکباد پیش کی۔
ڈی پی او اور دیگر افسران نے ترقی پانے والے اہلکاروں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ نئی ذمہ داریاں محنت، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ انجام دیں گے۔
اس موقع پر ترقی پانے والے افسران کے اہل خانہ نے بھی خوشی کا اظہار کیا اور پولیس حکام کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے دوران ترقی پانے والے اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ میں خوشی کا ماحول رہا۔








