خیبرپختونخوا ایڈوائزری کونسل کا پہلا اجلاس، عوام کو دہشت گردی سے نجات دلائیں گے: گورنر فیصل کریم کنڈی
پشاور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی سربراہی میں 11 رکنی ایڈوائزری کونسل کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کو درپیش چیلنجز، امن و امان کی صورتحال، عوام کے تحفظ، کرپشن کے خاتمے اور سیاحت کے فروغ سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے ایڈوائزری کونسل کے ارکان کو محنت، لگن اور ذمہ داری کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے ارکان پر زور دیا کہ وہ صوبے کی بہتری کے لیے مؤثر تجاویز پیش کریں۔
گورنر نے کہا کہ امن و امان کا قیام اور عوام کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ خیبرپختونخوا کے عوام کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی استعداد کار بڑھانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
فیصل کریم کنڈی نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ایڈوائزری کونسل کے ارکان پر اعتماد کیا ہے، لہٰذا انہیں اپنی کارکردگی کے ذریعے اس اعتماد پر پورا اترنا چاہیے۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ صوبے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں۔
اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ایڈوائزری کونسل باہمی تعاون اور مؤثر تجاویز کے ذریعے صوبے کو درپیش مسائل کے حل اور عوام کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔








