خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ، صدر آصف علی زرداری نے منظوری دے دی

خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ، صدر آصف علی زرداری نے منظوری دے دی

اسلام آباد : صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی سفارش پر خیبرپختونخوا میں آئین کے آرٹیکل 232 کے تحت ایمرجنسی نافذ کرنے کی منظوری دے دی۔ ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ صوبے میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات اور امن و امان کی سنگین صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

صدارتی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات میں اضافے سے عوام کی جان و مال، سرکاری تنصیبات، بنیادی ڈھانچے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ اعلامیے کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا کی رپورٹ میں صوبے کی آئینی اور انتظامی صورتحال سے متعلق خدشات بھی ظاہر کیے گئے تھے۔

اعلامیے کے مطابق آئین کے آرٹیکل 232(1) اور 234(1) کے تحت جاری ہونے والا صدارتی اعلان فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ اس کے تحت وفاقی حکومت گورنر خیبرپختونخوا کو صوبائی حکومت کے تمام یا بعض امور اپنے اختیار میں لینے کی ہدایت دے سکے گی۔

صدارتی اعلان میں کہا گیا ہے کہ گورنر وفاقی حکومت کی جانب سے تفویض کردہ اختیارات استعمال کریں گے، جبکہ صوبائی اسمبلی کے اختیارات پارلیمان یا اس کے اختیار کے تحت استعمال کیے جائیں گے۔ اعلامیے میں وزیراعلیٰ، صوبائی وزرا، مشیروں، معاونین خصوصی اور ایڈووکیٹ جنرل کے عہدوں سے متعلق بھی ہدایات شامل ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں خیبرپختونخوا کی امن و امان کی صورتحال اور دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا تھا۔ اجلاس میں کابینہ نے وزیراعظم کو صدر مملکت سے صوبے میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی سفارش کرنے کی تجویز دی۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ محسن نقوی، رانا ثنا اللہ، طلال چوہدری، امیر مقام اور دیگر وفاقی وزرا و حکومتی شخصیات نے شرکت کی۔

حکومتی مؤقف کے مطابق صوبے میں دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات اور امن و امان کی بحالی کے لیے آئینی راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں وزیراعظم ہاؤس سے صدر مملکت کو باضابطہ ایڈوائس بھی ارسال کی گئی۔

ذرائع کے مطابق حتمی فیصلے سے قبل مولانا فضل الرحمان کے ذریعے سیاسی رابطوں کی ایک اور کوشش کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کرکے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر بات کی۔

More News