خیبرپختونخوا کے 12 نامزد اضلاع میں ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ قائم کرنے کا حکم

خیبرپختونخوا کے 12 نامزد اضلاع میں ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ قائم کرنے کا حکم

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا کے 12 نامزد اضلاع میں امن و امان، شہریوں کے تحفظ، بہتر طرزِ حکمرانی اور ترقیاتی سرگرمیوں کو یقینی بنانے کے لیے ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ (ADS) فوری طور پر قائم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

وفاقی حکم نامے کے مطابق ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ ایریا ریپریزنٹیٹو اینڈ ڈیولپمنٹ کونسل (ARDC) کی نگرانی میں کام کرے گا۔ نامزد اضلاع میں ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، لکی مروت، بنوں، باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، اورکزئی، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر شامل ہیں۔

حکم نامے کے تحت ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ کی سربراہی ایڈیشنل چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا (نامزد اضلاع) کریں گے، جو ان علاقوں کے ایڈمنسٹریٹر بھی ہوں گے۔

وفاقی حکم نامے کے مطابق نامزد اضلاع میں تعینات صوبائی حکومت کے افسران اور متعلقہ اداروں کے اہلکار ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ کے انتظامی اور آپریشنل کنٹرول میں ہوں گے۔

ایڈمنسٹریٹر کو نامزد اضلاع میں انتظامی معاملات، قانون نافذ کرنے، سیکیورٹی، ترقیاتی سرگرمیوں اور ضلعی انتظامیہ کی نگرانی کے اختیارات دیے گئے ہیں۔ وہ سول انتظامیہ، پولیس اور فوجی حکام کو ہدایات بھی جاری کر سکیں گے۔

حکم نامے کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کو سیکریٹریٹ کے تنظیمی، انتظامی اور آپریشنل معاملات میں احکامات جاری کرنے کے علاوہ فنڈز کی تقسیم اور منتقلی سے متعلق ہدایات دینے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔

وفاقی حکومت کے منصوبے کے تحت ایریا ریپریزنٹیٹو اینڈ ڈیولپمنٹ کونسل نامزد اضلاع کی معزز شخصیات پر مشتمل ہوگی، جس کی سربراہی چیئرمین کریں گے۔ کونسل کے چیئرمین، وائس چیئرمین، ترجمان اور ارکان کی تقرری مقررہ طریقہ کار کے مطابق کی جائے گی۔

کونسل میں قبائلی علاقوں سے نمائندوں کی نامزدگی جرگے اور باہمی مشاورت کی روایات کے مطابق کی جائے گی۔ ہر ضلع سے ارکان کی تعداد کا تعین آبادی، رقبے اور قبائلی شناخت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کونسل کے ارکان میں ایسے معزز اور اچھی شہرت کے حامل عمائدین شامل ہوں گے جن کا دہشت گردی کے خلاف واضح مؤقف ہو۔

وفاقی حکم نامے کے مطابق نامزد اضلاع میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے وفاقی اداروں، مسلح افواج، صوبائی اداروں، پولیس اور سول انتظامیہ کے درمیان رابطہ کاری کی جائے گی۔

اس کے علاوہ عوامی تحفظ، معاشی استحکام، امدادی سرگرمیوں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ محکموں کی تنظیمِ نو اور ضروری اقدامات کیے جا سکیں گے۔

حکم نامے کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کے جاری کردہ احکامات، نوٹیفکیشنز اور ہدایات کو وہی قانونی حیثیت حاصل ہوگی جو صوبائی حکومت کے احکامات کو حاصل ہوتی ہے۔

وفاقی حکومت کے حکم نامے کے مطابق مخصوص آئینی و قانونی دفعات اور خیبرپختونخوا گورنمنٹ رولز آف بزنس 1985 کی متعلقہ شقوں کے اطلاق سے متعلق استثنا بھی شامل کیا گیا ہے۔

حکم نامے میں ایریا ریپریزنٹیٹو اینڈ ڈیولپمنٹ کونسل کے قیام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ کوشش کی جا رہی ہے کہ کونسل کا پہلا اجلاس آئندہ تین سے سات روز کے اندر منعقد ہو۔

وفاقی حکومت کے مطابق ان اقدامات کا مقصد نامزد اضلاع میں انتظامی امور کو مؤثر بنانا، امن و امان بہتر کرنا اور ترقیاتی سرگرمیوں کو تیز کرنا ہے۔



More News