واٹس ایپ اکاؤنٹ کے بغیر بھی کال میں شرکت ممکن، نیا فیچر متعارف
واٹس ایپ نے کالنگ کی سہولت کو مزید آسان بناتے ہوئے ایسا فیچر متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے وہ افراد بھی انفرادی یا گروپ کالز میں شامل ہوسکیں گے جن کا واٹس ایپ اکاؤنٹ موجود نہیں۔
کمپنی کے مطابق صارفین کال لنک شیئر کرکے اپنے دوستوں، اہل خانہ یا دیگر افراد کو گفتگو میں شامل کرسکتے ہیں۔ لنک موصول کرنے والے افراد ویب براؤزر کے ذریعے کال میں شرکت کرسکیں گے۔
اس سہولت کے تحت ایک کال میں بیک وقت 32 افراد شامل ہوسکتے ہیں۔ واٹس ایپ کے مطابق لنک کے ذریعے کال میں شریک ہونے والے افراد کی گفتگو کو بھی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل ہوگا۔ اس کے علاوہ ہاتھ اٹھانے اور اسکرین شیئرنگ جیسے فیچرز بھی دستیاب ہوں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ سہولت مفت ہوگی اور کال کے دورانیے پر کوئی حد مقرر نہیں کی گئی۔
کال لنک بنانے کا طریقہ
کال لنک بنانے کے لیے واٹس ایپ صارف کو ایپ کے ’کالز‘ ٹیب میں جاکر پلس (+) کے آئیکون پر کلک کرنا ہوگا۔ اس کے بعد کال لنک بنا کر مطلوبہ افراد کے ساتھ شیئر کیا جاسکتا ہے۔
لنک موصول کرنے والے افراد اپنے کمپیوٹر کے ویب براؤزر میں اسے کھول کر نام درج کرسکیں گے اور میزبان کی اجازت کے بعد کال میں شامل ہوسکیں گے۔ تاہم کال لنک بنانے کے لیے واٹس ایپ اکاؤنٹ ہونا ضروری ہے۔
واٹس ایپ کے مطابق مستقبل میں کال لنکس کو گوگل کیلنڈر اور مائیکروسافٹ آؤٹ لک کے ساتھ مربوط کرنے کی سہولت بھی فراہم کرنے کا منصوبہ ہے، جس سے آن لائن میٹنگز اور گفتگو کا شیڈول بنانا مزید آسان ہوسکے گا۔








