گورنر خیبرپختونخوا کا نجی اسکولوں کے لیے قانون سازی اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کا حکم
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت گورنر ہاؤس پشاور میں دیر کالونی اسکول حادثے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں نجی اسکولوں کی رجسٹریشن، عمارتوں کی تعمیر اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مشیرِ تعلیم عامر عبداللہ، کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود، ڈپٹی کمشنر آفاق وزیر اور محکمہ تعلیم کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر پشاور نے گورنر کو واقعے اور انتظامی امور سے متعلق بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسکول کے مالک نے 16 مرلے اراضی دس سال کے لیے لیز پر حاصل کرکے عمارت تعمیر کی تھی۔ متعلقہ اسکول 2026 میں رجسٹرڈ ہوا، تاہم اسکول انتظامیہ کی جانب سے مقررہ معیاری طریقۂ کار (ایس او پیز) پر عمل درآمد نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے واقعے کو افسوسناک سانحہ قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے نجی اسکولوں کے قیام، عمارتوں کی تعمیر اور حفاظتی انتظامات سے متعلق قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔








