جمرود میں تعلیمی اداروں کا معائنہ، اقراء روضۃ القرآن کو خامیاں دور کرنے کے لیے دو ہفتوں کی مہلت

جمرود میں تعلیمی اداروں کا معائنہ، اقراء روضۃ القرآن کو خامیاں دور کرنے کے لیے دو ہفتوں کی مہلت

جمرود: ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد علی کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر جمرود سلمان ہستم نے مختلف سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کا معائنہ کیا اور صفائی ستھرائی، عمارتوں کی حالت اور مجموعی انتظامی امور کا جائزہ لیا۔

معائنے کے دوران غزالی پبلک اسکول شاہ زمانہ بٹئی، خیبر چلڈرن اکیڈمی حوالداری سوکے، اقراء روضۃ القرآن ٹی ڈی بازار، گورنمنٹ پرائمری اسکول نمبر 2 ٹی ڈی بازار اور غزالی کالج جمرود سرکمر کا دورہ کیا گیا۔

انتظامیہ کے مطابق بیشتر تعلیمی اداروں کی مجموعی صورتحال تسلی بخش پائی گئی، تاہم اقراء روضۃ القرآن ٹی ڈی بازار میں صفائی ستھرائی اور عمارت کے پینٹ سے متعلق چند خامیوں کی نشاندہی کی گئی۔

اسسٹنٹ کمشنر نے اسکول انتظامیہ کو خامیاں دور کرنے، صفائی کی صورتحال بہتر بنانے اور عمارت کی مناسب دیکھ بھال یقینی بنانے کے لیے دو ہفتوں کی مہلت دی۔

انتظامیہ کے مطابق تعلیمی اداروں کی ضروری دستاویزات کی جانچ پڑتال بھی متعلقہ ایس او پیز اور مروجہ قوانین کے تحت کی جائے گی۔ کسی قسم کی کمی یا خلاف ورزی سامنے آنے پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

More News