البرٹا کے عوام نے کینیڈا سے علیحدگی کی تجویز مسترد کر دی
کینیڈا کے صوبے البرٹا کے عوام نے ریفرنڈم میں ملک سے علیحدگی کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کینیڈا کا حصہ رہنے کی حمایت کر دی۔ دستیاب رپورٹ کے مطابق 76 فیصد سے زائد ووٹرز نے کینیڈا کے ساتھ رہنے کے حق میں ووٹ دیا، جبکہ تقریباً 23 فیصد نے علیحدگی کی حمایت کی۔
کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے عوامی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ البرٹا نے کینیڈا کے ساتھ رہنے کا انتخاب کیا ہے اور ملک مل کر آگے بڑھے گا۔
البرٹا کینیڈا کا ایک اہم صوبہ ہے اور تیل و گیس کے وسیع ذخائر کے باعث ملکی معیشت میں نمایاں اہمیت رکھتا ہے۔ صوبے میں علیحدگی کی تحریک کو وفاقی حکومت کی توانائی پالیسیوں پر بعض حلقوں کی ناراضی سے تقویت ملی۔ ان حلقوں کا مؤقف ہے کہ وفاقی پالیسیاں صوبے کی توانائی کی صنعت اور معاشی مفادات کو متاثر کرتی ہیں۔
ریفرنڈم کے نتائج کے مطابق اکثریتی ووٹرز نے کینیڈا کے ساتھ رہنے کی حمایت کی، جو صوبے کے مستقبل اور وفاق کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے۔








