چارسدہ: شہید ڈی ایس پی عمران الدین خان اور اہلکار کاظم جان کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا
چارسدہ میں شہید ڈی ایس پی سی ٹی ڈی عمران الدین خان اور پولیس اہلکار شہید کاظم جان کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاؤں پوری میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی۔ نمازِ جنازہ میں اعلیٰ پولیس و سول حکام سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر چارسدہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی، جبکہ پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ فضا سوگوار رہی اور شرکاء نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
نمازِ جنازہ میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا جواد قمر، ریجنل پولیس آفیسر مردان قاسم علی خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ رفعت اللہ خان، ایس ایس پی سی ٹی ڈی اظہر خان اور ڈپٹی کمشنر چارسدہ منصور ارشد سمیت پولیس افسران، اہلکاروں اور شہریوں نے شرکت کی۔
شہداء نے فرض کی ادائیگی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی بہادری، فرض شناسی اور وطن سے وفاداری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔ آمین۔








