وفاق کے ساتھ صوبے کا مقدمہ دلائل سے لڑیں گے، گالی گلوچ سے نہیں، فیصل کریم کنڈی
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وفاق کے ساتھ صوبے کے حقوق کا مقدمہ دلائل کے ذریعے لڑا جائے گا، گالی گلوچ کے ذریعے نہیں۔ امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگی تو سرمایہ کاری آئے گی اور صوبہ ترقی کرے گا۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گزشتہ روز ہونے والے اہم اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا میں امن و امان اور ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر کے مطابق وزیراعظم سے خیبرپختونخوا کے لیے 160 ارب روپے مانگے گئے، جن کی فوری منظوری دی گئی۔ وزیراعظم نے گندم کا مسئلہ فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گندم اسکینڈل میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جبکہ کرپشن اور نوکریاں فروخت کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کو بدعنوانی سے پاک کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے واضح کیا کہ امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کو ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ مؤثر انداز میں فرائض انجام دے سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں تجاوزات کے خاتمے اور صفائی کے لیے کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں، جبکہ تجاوزات مافیا کے خلاف بھی سخت اقدامات کیے جائیں گے۔








