انسٹاگرام میں 90 منٹ طویل ویڈیوز پوسٹ کرنے کے نئے فیچر کی آزمائش شروع

انسٹاگرام میں 90 منٹ طویل ویڈیوز پوسٹ کرنے کے نئے فیچر کی آزمائش شروع

انسٹاگرام نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کو ٹکر دینے کی کوششوں کے تحت 90 منٹ تک طویل ویڈیوز پوسٹ کرنے کے نئے فیچر کی آزمائش شروع کردی ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین کو پلیٹ فارم پر طویل اور تفصیلی ویڈیوز دیکھنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

میٹا کی زیرملکیت انسٹاگرام نے اس نئے فارمیٹ کا نام Features رکھا ہے، جس کے تحت منتخب کریئیٹرز 90 منٹ تک طویل افقی ویڈیوز شیئر کرسکیں گے۔ انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری اور نائب صدر برائے پروڈکٹ ٹیسا لیونز نے 26 اکتوبر 2026 کو ایک ویڈیو کے ذریعے اس فیچر کا اعلان کیا۔

ٹیسا لیونز کے مطابق کئی کریئیٹرز طویل دورانیے کا مواد تیار کرتے ہیں، لیکن اسے انسٹاگرام پر شیئر کرنے کے لیے مختصر کلپس میں تقسیم کرنا پڑتا ہے۔ نئے فیچر کا مقصد انہیں مکمل ویڈیوز ایک ہی جگہ پوسٹ کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

اس فارمیٹ کے تحت پوڈکاسٹس، انٹرویوز، کامیڈی شوز اور دیگر طویل ویڈیوز شیئر کی جاسکیں گی۔ کریئیٹرز مختصر ریلز کو مکمل ویڈیوز کے ساتھ بھی منسلک کرسکیں گے، تاکہ ناظرین کلپ دیکھنے کے بعد پوری ویڈیو تک پہنچ سکیں۔

انسٹاگرام کے مطابق ریلز پلیٹ فارم کا اہم حصہ رہیں گی، تاہم طویل ویڈیوز کے ذریعے صارفین کو مزید تفصیلی مواد فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ افقی ویڈیوز کو موبائل فون کے علاوہ انسٹاگرام کی ٹی وی ایپ پر دیکھنے کی سہولت دینے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

اس فیچر کی آزمائش پہلے برازیل میں منتخب کریئیٹرز کے ساتھ کی گئی، جبکہ 26 اکتوبر سے امریکا میں بھی محدود پیمانے پر آزمائش شروع کردی گئی ہے۔ فی الحال یہ سہولت تمام صارفین کے لیے دستیاب نہیں اور عالمی سطح پر اجرا کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

More News