پاکستان نے ہانگ کانگ سکسز کا پلیٹ فائنل جیت لیا، عمان کو 18 رنز سے شکست

پاکستان نے ہانگ کانگ سکسز کا پلیٹ فائنل جیت لیا، عمان کو 18 رنز سے شکست

پاکستان کرکٹ ٹیم نے ہانگ کانگ انٹرنیشنل سکسز ٹورنامنٹ کے پلیٹ فائنل میں عمان کو 18 رنز سے شکست دے کر پلیٹ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ یکم نومبر کو ہانگ کانگ کے مشن روڈ گراؤنڈ، مونگ کوک میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 6 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے اور عمان کو جیت کے لیے 155 رنز کا ہدف دیا۔ قومی ٹیم کے کپتان عباس آفریدی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 16 گیندوں پر ناقابلِ شکست 73 رنز اسکور کیے۔ ان کی اننگز میں 11 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔

عباس آفریدی نے اپنی دھواں دار بیٹنگ سے عمانی بولرز کو دباؤ میں رکھا اور پاکستان کو بڑے مجموعے تک پہنچانے میں بنیادی کردار ادا کیا۔ ان کے علاوہ عبدالصمد نے صرف 7 گیندوں پر 32 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جس میں 4 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔

احمد دانیال نے بھی اختتامی لمحات میں جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 5 گیندوں پر ناقابلِ شکست 25 رنز بنائے، جبکہ محمد شہزاد نے 4 گیندوں پر 13 رنز کا اضافہ کیا۔

155 رنز کے ہدف کے تعاقب میں عمان کی ٹیم نے بھی بھرپور مزاحمت کی، تاہم مقررہ 6 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز ہی بنا سکی اور یوں پاکستان نے فائنل 18 رنز سے جیت لیا۔

عمان کی جانب سے عثمان علی نے 17 گیندوں پر ناقابلِ شکست 67 رنز بنائے، جبکہ ذوہیب امانت نے 18 گیندوں پر 61 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ دونوں بلے بازوں نے پاکستانی بولرز کے خلاف جارحانہ کھیل پیش کیا، لیکن اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

پاکستانی کپتان عباس آفریدی کو شاندار بیٹنگ پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے میں بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی، تاہم متحدہ عرب امارات کے خلاف شکست کے باعث قومی ٹیم مرکزی کپ مقابلے کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل نہ کر سکی۔ پاکستان نے پلیٹ سیمی فائنل میں میزبان ہانگ کانگ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی اور عمان کو ہرا کر پلیٹ ٹائٹل جیت لیا۔

 

More News