ملک کے 97 منتخب اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم شروع، 8 نومبر تک جاری رہے گی

ملک کے 97 منتخب اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم شروع، 8 نومبر تک جاری رہے گی

ملک بھر کے 97 منتخب اضلاع میں انسدادِ پولیو کی ذیلی قومی مہم کا آغاز ہوگیا ہے، جس کے دوران پانچ سال سے کم عمر دو کروڑ 40 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق انسدادِ پولیو مہم 8 نومبر تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران دو لاکھ سے زائد تربیت یافتہ فرنٹ لائن ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے۔

حکام کے مطابق اس مہم کا مقصد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو وائرس سے محفوظ بنانا اور ویکسینیشن سے محروم رہ جانے والے بچوں تک رسائی یقینی بنانا ہے۔

پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت انسدادِ پولیو مہم چلائی جا رہی ہے تاکہ سرحدی علاقوں سمیت دونوں ممالک میں بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے اقدامات مؤثر بنائے جا سکیں۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ مہم کے دوران اپنے پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں اور ویکسینیشن ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔

حکام کا کہنا ہے کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ہر بچے کی ویکسینیشن ضروری ہے، والدین اور متعلقہ اداروں کے مشترکہ تعاون سے ہی اس مہم کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

More News