پاکستان اور چین کا اسٹریٹجک تعاون شراکت داری، اعتماد اور باہمی تعاون پر قائم ہے، اسحاق ڈار

پاکستان اور چین کا اسٹریٹجک تعاون شراکت داری، اعتماد اور باہمی تعاون پر قائم ہے، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعاون باہمی شراکت داری، اعتماد اور مشترکہ تعاون کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہے۔ دونوں ممالک کے سیاسی اور سفارتی تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔

اسلام آباد میں چینی صدر کی پارٹی سازی سے متعلق سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی سیاسی جماعتوں کے درمیان بھی تعاون کا سلسلہ جاری ہے، جو دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کا اہم حصہ ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور شراکت داری پر مبنی تعلقات خطے میں بھی اہمیت رکھتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی وزیر نے کہا کہ موجودہ چین کو سمجھنے کے لیے چینی کمیونسٹ پارٹی کے کردار اور اس کے نظام کو سمجھنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق چین کے نظامِ حکمرانی کے پیچھے ایک مضبوط سیاسی جماعت موجود ہے، جو ملکی معاملات میں مرکزی کردار ادا کرتی ہے۔

تقریب میں پاکستان اور چین کے سیاسی تعلقات، باہمی تعاون اور دونوں ممالک کے نظامِ حکمرانی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

More News