محمد عامر کی افغانستان پریمیئر لیگ کے لیے رجسٹریشن، ڈرافٹ میں شرکت متوقع
پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے افغانستان پریمیئر لیگ کے لیے رجسٹریشن کروا لی ہے۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے برطانوی شہری کی حیثیت سے لیگ میں شرکت کے لیے اپنا نام درج کرایا ہے۔
محمد عامر برطانوی پاسپورٹ حاصل کرنے کے بعد برطانوی شہریت رکھتے ہیں، جس کے باعث انہیں افغانستان پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے این او سی کی ضرورت نہیں ہوگی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے افغانستان پریمیئر لیگ میں شرکت کے خواہش مند پاکستانی کھلاڑیوں کو این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لیگ کے ڈرافٹ کے لیے پاکستان کے متعدد کھلاڑیوں نے بھی رجسٹریشن کروائی ہے۔ افغانستان پریمیئر لیگ کا پلیئرز ڈرافٹ کل منعقد ہوگا، جس میں مختلف ممالک کے کھلاڑیوں کی ٹیموں میں شمولیت کا فیصلہ کیا جائے گا۔
محمد عامر کی رجسٹریشن کے بعد افغانستان پریمیئر لیگ میں ان کی ممکنہ شرکت توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔








