اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں مکمل، الیکشن کمیشن کا 10 نومبر کو اہم اجلاس طلب

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں مکمل، الیکشن کمیشن کا 10 نومبر کو اہم اجلاس طلب

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے انتظامی اور انتخابی تیاریاں مکمل کرلی ہیں، جبکہ آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کے لیے 10 نومبر کو اہم اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں اور اب تک کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق سیکریٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران نے انہیں اسلام آباد کے بلدیاتی نظام، مختلف نشستوں پر انتخابات کے طریقہ کار اور انتخابی انتظامات سے آگاہ کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ انتخابات کے لیے تمام ضروری انتخابی مٹیریل کی خریداری مکمل کرلی گئی ہے، جبکہ بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ کے انتظامات بھی مکمل ہیں۔

حکام کے مطابق انتخابی عمل کے دوران ضروری انتظامات یقینی بنانے کے لیے سیکریٹری وزارت داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو خطوط ارسال کیے جاچکے ہیں۔

الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ ادارہ وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے پُرامن انعقاد کے لیے تیار ہے۔ 10 نومبر کو ہونے والے اجلاس میں انتخابی تیاریوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا جائے گا۔

More News