نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم شہباز شریف

نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ زراعت، ہاؤسنگ اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کو فروغ دے کر ملکی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ترجیحی شعبوں کو قرضوں کی فراہمی میں سہولت سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ حکام نے مالیاتی سہولیات اور قرضوں کی فراہمی کی صورتحال پر بریفنگ دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نجی شعبے کی ترقی میں بینکوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ حکومت کو توقع ہے کہ بینک زراعت، ہاؤسنگ اور چھوٹے کاروباروں کو قرضوں کی فراہمی کے لیے بھرپور تعاون کریں گے۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ حکومتی اقدامات کے تحت کسانوں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں اور وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے صارفین کو قرضوں کی فراہمی میں سست روی اختیار کرنے والے بینکوں کے ساتھ اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کسی قسم کی رعایت نہ برتیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت کی ترقی، برآمدات میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن کے ذریعے برآمدات بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اپنا گھر اسکیم سے ہاؤسنگ اور تعمیرات کے شعبے سے وابستہ متعدد صنعتوں کو فروغ ملے گا، جس سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ترجیحی شعبوں کے مالیاتی مسائل حل کرنے اور قرضوں کی آسان فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔

More News