وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس، خیبر پختونخوا کی صورتحال پر غور
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خیبر پختونخوا کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزراء، اعلیٰ عسکری حکام اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران صوبے کی مجموعی سیاسی، انتظامی اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو خیبر پختونخوا سے متعلق کیے گئے مختلف فیصلوں اور ان کے نتائج پر بریفنگ بھی دی جا رہی ہے۔
اجلاس میں صوبے کو درپیش مسائل اور موجودہ صورتحال سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا، جبکہ متعلقہ حکام نے اہم معاملات پر اپنی آرا پیش کیں۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کا وفد بھی آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کرے گا، جس کی سربراہی چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی اور خیبر پختونخوا کی مجموعی صورتحال پر مشاورت کی جائے گی۔ اس کے علاوہ آنے والے دنوں میں ممکنہ قانون سازی، انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل اور اس حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔








