پشاور: تجاوزات کے خلاف آپریشن ڈبل شفٹ میں کرنے کا فیصلہ

پشاور میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن ڈبل شفٹ میں کرنے کا فیصلہ، اسسٹنٹ کمشنرز کی ہفتہ وار چھٹیاں منسوخ

رنگ روڈ پر کارروائی رواں ہفتے مکمل کرنے کا حکم، اب تک 29 ارب 50 کروڑ روپے مالیت کی 410 کنال سرکاری اراضی واگزار کرائی جا چکی ہے۔

پشاور: پشاور ڈویژن میں سرکاری اراضی پر قائم تجاوزات کے خاتمے کے لیے جاری گرینڈ آپریشن مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں کارروائیاں اب ڈبل شفٹ میں کی جائیں گی تاکہ مقررہ مدت کے اندر آپریشن مکمل کیا جا سکے۔ آپریشن کی رفتار برقرار رکھنے اور بروقت تکمیل یقینی بنانے کے لیے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کی ہفتہ وار چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔

کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود کی زیر صدارت اجلاس میں تجاوزات کے خلاف جاری کارروائیوں، سرکاری اراضی کی واگزاری اور شہری ٹریفک کے مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ رنگ روڈ پر جاری آپریشن رواں ہفتے ہی مکمل کیا جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہ کی جائے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ رنگ روڈ اور اندرون شہر تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کے دوران اب تک 29 ارب 50 کروڑ روپے مالیت کی 410 کنال سرکاری اراضی واگزار کرائی جا چکی ہے، جبکہ تقریباً 570 دکانوں اور دیگر عمارتوں کو مسمار کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں سرکاری اور وقف اراضی پر قائم غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سٹی سرکلر روڈ پر واقع پولیس اسٹیشن آغا میر جانی شاہ، پشتخرہ اور رحمان بابا کے علاوہ گڑھی قمر دین میں قائم سرکاری گرلز اسکول اور شہر کے مختلف قبرستانوں میں موجود تجاوزات بھی ختم کی جائیں گی۔

شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے رکشوں اور گاڑیوں کی ورکشاپس کو رنگ روڈ منتقل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دن کے اوقات میں مال بردار گاڑیوں کی نقل و حرکت محدود کرنے اور دکانوں کے سامنے تھڑے بنانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کا کہنا تھا کہ آپریشن کا بنیادی مقصد شہریوں کو کشادہ سڑکیں، بہتر ٹریفک نظام اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے۔ واگزار کرائی گئی سرکاری اراضی پر دوبارہ قبضے کی روک تھام کے لیے مؤثر مانیٹرنگ سسٹم بھی قائم کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے نقد انعامات دیے جائیں گے۔

More News