پاکستان اور قازقستان کا تجارت، سرمایہ کاری اور فضائی رابطوں کے فروغ پر اتفاق
اسلام آباد: وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ کی قازقستان کے نائب وزیراعظم سیرجان زومانگارین سے الماتی میں تیان شانگ فورم کے موقع پر ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور فضائی رابطوں کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان اور قازقستان کے اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور کاروباری تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قیصر احمد شیخ نے کاروبار سے کاروبار (بی ٹو بی) تعاون بڑھانے، نجی شعبے کی شمولیت کو فروغ دینے اور تجارت و سرمایہ کاری میں آسانی کے لیے بینکاری روابط بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وفاقی وزیر نے ای کامرس، گوداموں کی تعمیر، ٹیکسٹائل اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات کی نشاندہی کی۔ انہوں نے کہا کہ قازقستان میں توانائی کی نسبتاً کم قیمت پاکستانی ٹیکسٹائل سرمایہ کاروں کے لیے اہم مواقع فراہم کر سکتی ہے۔
قیصر احمد شیخ نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے فروری میں دورہ قازقستان کے دوران طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں پر جلد عمل درآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ معاہدوں کو عملی اقتصادی فوائد میں تبدیل کیا جا سکے۔
قازقستان کے نائب وزیراعظم سیرجان زومانگارین نے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے تجارت بڑھانے کے لیے پانچ سالہ روڈ میپ کی تیاری سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کی بڑی صارف منڈی کو قازقستان کے لیے اہم موقع قرار دیا اور پاکستان کو یوریشیائی منڈیوں تک رسائی کے ممکنہ راستے کے طور پر بھی دیکھا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان براہ راست فضائی رابطوں کی بحالی اور بہتری پر بھی زور دیا گیا۔ اس حوالے سے اتفاق کیا گیا کہ فضائی روابط کاروباری سرگرمیوں، تجارت، سیاحت اور عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گے۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ موجودہ معاہدوں پر مؤثر عمل درآمد اور نجی شعبے کی شراکت داری کے ذریعے پاکستان اور قازقستان کے اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی۔








