شاہ رخ خان کی فلم ’کنگ‘ نے ریلیز سے پہلے 665 کروڑ روپے کما لیے
بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی نئی فلم ’کنگ‘ ریلیز سے قبل ہی غیر معمولی مالی کامیابی کے دعووں کے باعث خبروں کی زینت بن گئی ہے۔ فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق فلم نے ریلیز سے پہلے ہی 665 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کر لیا ہے۔
فلمی شائقین شاہ رخ خان کی اس نئی فلم کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں، جبکہ اس کے حوالے سے سامنے آنے والی کاروباری رپورٹس نے بھی فلم انڈسٹری میں توجہ حاصل کر لی ہے۔
فلم ’کنگ‘ کے پری ریلیز بزنس میں بھارتی ڈسٹری بیوشن رائٹس سے 250 کروڑ، بیرونِ ملک ڈسٹری بیوشن رائٹس سے 175 کروڑ، نیٹ فلکس کے ڈیجیٹل حقوق سے 150 کروڑ، میوزک رائٹس سے 65 کروڑ اور سیٹلائٹ حقوق سے 25 کروڑ روپے شامل ہیں۔ یوں مختلف معاہدوں کی مجموعی مالیت 665 کروڑ روپے بنتی ہے۔ تاہم یہ رقم فلم کا خالص منافع نہیں بلکہ مختلف حقوق کی فروخت سے حاصل ہونے والی مبینہ آمدن ہے۔
فلم کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند نے کی ہے، جو شاہ رخ خان کے ساتھ 2023 کی کامیاب فلم ’پٹھان‘ کے بعد دوبارہ کام کر رہے ہیں۔ ’کنگ‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ سہانا خان، دیپیکا پڈوکون، رانی مکھرجی اور ابھیشیک بچن بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔
رپورٹس کے مطابق فلم 24 دسمبر 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ اب شائقین کی نظریں اس کی ریلیز اور باکس آفس کارکردگی پر مرکوز ہیں۔







