ایبٹ آباد میں ونٹر کنٹی جنسی پلان 2026-27 پر عملدرآمد کی تیاریاں، برفباری سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ متحرک
ایبٹ آباد میں موسم سرما کے دوران متوقع برفباری اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد حمید اللہ خان کی زیرِ صدارت ونٹر کنٹی جنسی پلان 2026-27 کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف محکموں کی تیاریوں اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی ظہیر الدین بابر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف اینڈ ہیومن رائٹس امان اللہ سعید سمیت پولیس، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، ہائی ویز، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، محکمہ جنگلات، واسا، ٹی ایم ایز، محکمہ سیاحت اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران متعلقہ حکام نے ونٹر کنٹی جنسی پلان کے تحت برفباری سے نمٹنے، سڑکوں کی بحالی اور ممکنہ ہنگامی حالات میں فوری اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حمید اللہ خان نے ہدایت کی کہ موسم سرما کے دوران اہم شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کو ٹریفک کے لیے کھلا رکھنے کے لیے تمام ضروری انتظامات پہلے سے مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے برف ہٹانے اور سڑکوں پر نمک پاشی کے لیے مشینری، عملے اور دیگر وسائل کی دستیابی یقینی بنانے پر زور دیا۔
ڈپٹی کمشنر نے بالخصوص گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں سڑکوں کی بروقت بحالی کے لیے پیشگی تیاریوں کی ہدایت کی تاکہ برفباری کے دوران آمدورفت متاثر نہ ہو اور شہریوں و سیاحوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو سیاحوں کی حفاظت، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور موسمی صورتحال سے متعلق بروقت آگاہی فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ریسکیو 1122، محکمہ صحت اور پولیس کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے عملہ اور ضروری آلات ہمہ وقت تیار رکھنے کا حکم دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر حمید اللہ خان کا کہنا تھا کہ موسم سرما میں شہریوں اور سیاحوں کی حفاظت، محفوظ آمدورفت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات ہیں۔ تمام محکمے باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے تحت اپنی تیاریاں بروقت مکمل کریں تاکہ برفباری یا کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔








