پاکستان میں ڈیجیٹل فنانس میں نمایاں پیشرفت

پاکستان میں ڈیجیٹل مالیات کے بڑھتے مواقع، چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری میں دلچسپی

اسلام آباد:ویب ڈیسک

پاکستان میں ڈیجیٹل مالیات کے شعبے میں تیزی سے ابھرتے مواقع غیر ملکی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کر رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں چینی کمپنی فن وولیوشن گروپ اور اس کی ذیلی کمپنی فن لیپ فنانشل سروسز کے وفد نے چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ڈاکٹر کبیر احمد سدھو سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران ڈیجیٹل مالیات کے فروغ، ضابطہ جاتی اصلاحات اور مالی شمولیت کو وسعت دینے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے کمیشن کی اصلاحات کو سراہتے ہوئے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں جدید مالیاتی حل متعارف کرانے کے عزم کا اظہار کیا۔

فن وولیوشن گروپ اور اس کی ذیلی کمپنی فن لیپ فنانشل سروسز پاکستان میں اپنے آپریشنز کو وسعت دے رہی ہیں۔ فن لیپ کا ’’دائرہ‘‘ پلیٹ فارم صارفین کو آسان اور فوری ڈیجیٹل قرضہ سہولیات فراہم کر رہا ہے، جس سے کم سہولت یافتہ طبقات کو باضابطہ مالیاتی نظام تک رسائی حاصل ہو رہی ہے۔

کمپنی حکام کے مطابق فن وولیوشن کی شمولیت سے کم آمدنی والے اور بینکاری سہولیات سے محروم طبقات کے لیے باقاعدہ قرض تک رسائی مزید وسیع ہوگی، جو مالی شمولیت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔

واضح رہے کہ فن وولیوشن گروپ شنگھائی میں قائم ہے اور نیویارک اسٹاک ایکسچینج میں فہرست شدہ ہے۔ پاکستان میں اس کی توسیع کو عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی قرار دیا جا رہا ہے، جو ملک میں ڈیجیٹل مالیات، سرمایہ کاری اور مالی شمولیت کے نئے دور کی بنیاد رکھ رہی ہے۔

More News