اورکزئی: فتنہ الخوارج میں شامل ہونے والے 3 افراد نے ریاست کے سامنے سرنڈر کر دیا
پولیس اور سکاؤٹس کا قوم اتمان خیل کے عمائدین کے ساتھ امن جرگہ، علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کا عزم
ضلع اورکزئی میں فتنہ الخوارج میں شامل ہونے والے تین افراد نے قوم اتمان خیل کے عمائدین کی کوششوں اور تعاون سے ریاست کے سامنے سرنڈر کر دیا۔
اس حوالے سے پولیس اور سکاؤٹس کے زیر اہتمام قوم اتمان خیل کے عمائدین کے ساتھ امن جرگہ منعقد ہوا، جس کی سربراہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شوکت علی اور 234 ونگ کے کمانڈر کرنل آفتاب نے کی۔
جرگے میں علاقے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، امن و امان کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پائیدار امن برقرار رکھنے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر شرکاء کو بتایا گیا کہ چند روز قبل فتنہ الخوارج میں شامل ہونے والے تین افراد کو قوم اتمان خیل کے عمائدین کی مسلسل کوششوں، مثبت کردار اور تعاون کے نتیجے میں سرنڈر کرایا گیا ہے۔ اس پیش رفت کو علاقے میں امن کے قیام اور شدت پسندی کی حوصلہ شکنی کے لیے اہم قرار دیا گیا۔
جرگے کے دوران قوم اتمان خیل کے عمائدین نے علاقے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے، نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے اور شرپسند عناصر کی حوصلہ شکنی کے لیے باہمی رابطوں اور مشترکہ کوششوں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
جرگے میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے مقامی عمائدین، پولیس اور سکیورٹی اداروں کے درمیان تعاون اور رابطوں کا تسلسل ضروری ہے۔








