ایبٹ آباد: حویلیاں انٹرچینج کے قریب مسافر بس اور ڈمپر میں خوفناک تصادم، 4 افراد جاں بحق، 30 زخمی
ایبٹ آباد میں حویلیاں انٹرچینج کے قریب موٹروے پر خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 30 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثہ گلگت سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس کا ٹائر پھٹنے کے باعث پیش آیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسافر بس کا ٹائر اچانک پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور بس بے قابو ہوکر سامنے موجود ڈمپر سے جا ٹکرائی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ بس میں سوار متعدد مسافر زخمی ہوگئے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے چاروں افراد کا تعلق گلگت سے بتایا جا رہا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائیوں میں سات ایمبولینسز اور ایک ریسکیو وہیکل نے حصہ لیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال ایبٹ آباد اور ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر حفیظ الرحمٰن کی زیرِ قیادت ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا۔ آپریشن کے دوران تمام زخمیوں اور جاں بحق افراد کو ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
حادثے کے باعث علاقے میں افسوسناک صورتحال پیدا ہوگئی جبکہ واقعے نے موٹروے پر سفر کرنے والے مسافروں کی حفاظت کے حوالے سے ایک بار پھر سوالات اٹھا دیے ہیں۔








