پی آئی اے کا فضائی بیڑے میں شامل طیاروں کی ڈیپ کلیننگ کا آغاز
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اپنے فضائی بیڑے میں شامل طیاروں کی صفائی اور کیبن مینٹیننس کا معیار بہتر بنانے کے لیے خصوصی ڈیپ کلیننگ مہم شروع کردی ہے، جس کا مقصد مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا اور ایئرلائن کی سروس کا معیار بلند کرنا ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں طیاروں کے کیبن کی خصوصی صفائی کے عمل کا معائنہ کیا گیا، جبکہ اس دوران صفائی اور دیکھ بھال کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایڈرین ہملٹن مانز نے کہا کہ طیاروں کی صفائی انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور ایئرلائن کے برانڈ کو اعلیٰ معیار پر برقرار رکھنے کے لیے طیاروں کی بہترین حالت یقینی بنانا ترجیحات میں شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسے عمل اور رفتار کا آغاز ہے جس کے ذریعے طیاروں کو بہترین حالت میں برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے ادارے میں صفائی، معیار اور سروس کے اعلیٰ معیارات کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
دوسری جانب صفائی کی مہم میں نمایاں کردار ادا کرنے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس دیے گئے، جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والے ملازمین کو نقد انعامات سے بھی نوازا گیا۔







