کراچی: ملزمان جیولری رائیڈر سے 82 تولہ سونا، 4 کلو چاندی چھین کر فرار

کراچی میں بڑی ڈکیتی، جیولری رائیڈر سے 82 تولہ سونا اور 4 کلو چاندی لوٹ لی گئی

کراچی میں طارق روڈ کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے دن دہاڑے بڑی واردات کرتے ہوئے جیولر کے ملازمین سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا اور چاندی چھین لیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ واردات میں 82 تولہ سونا اور 4 کلو چاندی لوٹی گئی، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

پولیس کے مطابق واردات طارق روڈ پر اللہ والا چورنگی کے قریب پیش آئی، جہاں موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح ملزمان نے جیولری رائیڈر کو راستے میں روک کر اس کے قبضے سے قیمتی زیورات اور چاندی چھین لی۔ ملزمان واردات کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ابتدائی تحقیقات کا آغاز کردیا۔ پولیس حکام کے مطابق جیولر کی جانب سے فراہم کردہ ابتدائی بیان میں بتایا گیا کہ ملازمین صدر سے 82 تولہ سونا اور 4 کلو چاندی لے کر طارق روڈ پر واقع دکان کی جانب آرہے تھے۔

بیان کے مطابق رائیڈر جب اللہ والا چورنگی کے قریب پہنچا تو موٹر سائیکلوں پر سوار ڈاکوؤں نے اس کا راستہ روک لیا۔ مسلح ملزمان نے رائیڈر سے شاپر میں موجود سونا اور چاندی چھینا اور فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق جیولر کے ملازمین صدر سے قیمتی سامان لے کر طارق روڈ پر واقع دکان پہنچانے جا رہے تھے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق لوٹے گئے سونے اور چاندی کی مجموعی مالیت کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے، تاہم حتمی مالیت کا تعین تفتیش کے دوران کیا جائے گا۔

پولیس نے جائے وقوعہ اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کرنے کا عمل شروع کردیا ہے تاکہ ملزمان کی شناخت اور فرار کے راستوں کا سراغ لگایا جاسکے۔ تفتیشی حکام مختلف پہلوؤں سے واقعے کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکلوں اور ملزمان کی نقل و حرکت سے متعلق شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

کراچی میں جیولری کے کاروبار سے وابستہ افراد کو قیمتی سامان کی نقل و حمل کے دوران سیکیورٹی خدشات کا سامنا رہتا ہے۔ تاہم اس واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور لوٹے گئے سونے اور چاندی کی برآمدگی کے لیے پولیس کی تحقیقات جاری ہیں۔

More News