فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وفد کے ہمراہ ایران کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کر لیا ہے، جس کے دوران دونوں برادر ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی ملاقاتیں اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کا اہم سرکاری دورہ کیا۔ دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور باہمی تعاون کے امور پر گفتگو کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ایران کی نیشنل اسمبلی کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہ سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دفاعی تعاون، سرحدی سلامتی، علاقائی استحکام اور دیگر اہم امور زیر بحث آئے۔
بیان میں کہا گیا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مسائل کے حل کے لیے مکالمے، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی تاکید کی کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فیلڈ مارشل نے ایرانی قیادت اور عوام کی جانب سے پرتپاک مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور عوام کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، مذہبی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
سرکاری بیان کے مطابق اس دورے کو پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کو نئی جہت دینے اور باہمی اعتماد کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ دونوں ممالک نے مستقبل میں بھی اعلیٰ سطحی روابط اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔







