آئی جی خیبرپختونخوا کا پولیس جوانوں کو بڑا ریلیف دینے کا اعلان، شہداء پیکج میں چار گنا اضافہ

آئی جی خیبرپختونخوا کا پولیس جوانوں کو بڑا ریلیف دینے کا اعلان، شہداء پیکج میں چار گنا اضافہ

پولیس شہداء کے ورثاء کو پلاٹ کے بجائے نقد رقم فراہم کی جائے گی، جوانوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے انقلابی اقدامات جاری رکھیں گے، آئی جی ذوالفقار حمید

سوات: انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے پولیس اہلکاروں اور شہداء کے خاندانوں کے لیے بڑے ریلیف اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے شہداء پیکج میں چار گنا اضافے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیس جوان فورس کی بنیادی اکائی ہیں اور ان کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ ضروریات اور مسائل کا حل اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

اس سلسلے میں آئی جی پی ذوالفقار حمید کی سربراہی میں پولیس لائن کبل سوات میں پولیس دربار منعقد ہوا، جس میں آر پی او ملاکنڈ ڈویژن زاہد نواز مروت، ملاکنڈ ریجن کے تمام ضلعی پولیس افسران، دیگر پولیس افسران اور جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

دربار کے موقع پر آر پی او زاہد نواز مروت نے آئی جی پی کا استقبال کیا اور انہیں ملاکنڈ ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال اور پولیس کی پیشہ ورانہ تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ملاکنڈ ڈویژن پولیس قیام امن اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

پولیس دربار کے دوران اہلکاروں نے اپنے انفرادی اور اجتماعی مسائل آئی جی پی کے سامنے پیش کیے، جنہیں انہوں نے توجہ سے سنا اور متعدد شکایات کے فوری حل کے لیے متعلقہ حکام کو موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی ذوالفقار حمید نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن بالخصوص سوات میں امن کی بحالی کے لیے پولیس نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ پولیس شہداء کی قربانیوں کی بدولت علاقے میں امن قائم ہوا، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پولیس شہداء کے پیکج میں چار گنا اضافہ کردیا گیا ہے، جبکہ شہداء کے ورثاء کو پلاٹ فراہم کرنے کے بجائے نقد رقم دی جائے گی تاکہ وہ اپنی ضروریات اور مرضی کے مطابق رقم استعمال کرسکیں۔

آئی جی پی نے مزید کہا کہ پولیس اہلکاروں کے لیے رخصت اور حاضری کا نظام بہتر بنایا جائے گا اور ڈیوٹیوں کا شیڈول اس انداز میں ترتیب دیا جائے گا کہ جوان اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ نجی زندگی کے لیے بھی مناسب وقت نکال سکیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پولیس میں تمام تقرریاں اور ترقیاں میرٹ کی بنیاد پر ہوں گی اور ترقی کے مقررہ معیار پر پورا اترنے والے اہلکاروں کو بروقت ترقی دی جائے گی۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ ایمانداری اور ذمہ داری سے فرائض انجام دیں اور تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آتے ہوئے ان کے مسائل قانون کے مطابق حل کریں۔

بعدازاں آئی جی پی نے پولیس شہداء کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء پولیس ہمارا فخر اور ان کے خاندان ہمارے اپنے خاندان ہیں، انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ اس موقع پر شہداء کے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔

More News