مزارِ اقبال پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب، پاک بحریہ نے فرائض سنبھال لیے

مزارِ اقبال پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب، پاک بحریہ نے اعزازی فرائض سنبھال لیے

لاہور میں شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ تقریب میں پاک بحریہ اور پاکستان رینجرز کے افسران اور جوانوں نے شرکت کی، جبکہ قومی شاعر کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

تقریب کے دوران پاکستان نیوی کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور مصباح الامین مہمانِ خصوصی تھے۔ انہوں نے مزارِ اقبال پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے علامہ اقبال کی قومی، فکری اور ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

مہمانِ خصوصی نے پاکستان رینجرز اور پاک بحریہ کے دستوں کا معائنہ بھی کیا۔ بعد ازاں انہوں نے مزارِ اقبال پر رکھی گئی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔ گارڈز تبدیلی کی اس تقریب میں قومی شاعر کے مزار پر اعزازی فرائض کی ذمہ داری پاک بحریہ کے دستے کے حوالے کی گئی۔

دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یومِ اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال کے کلام نے برصغیر کے مسلمانوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کی طاقت اور شعور عطا کیا۔

صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال نے اپنی فکر اور شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کی امنگوں کو فکری رہنمائی فراہم کی۔ ان کے کلام میں آزادی، خودداری اور باعزت زندگی کے حصول کے لیے جدوجہد کا واضح پیغام موجود ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری نے استحصال کے خلاف آواز بلند کی اور محروم طبقات کو اپنے حقوق اور معاشرے میں اپنے مقام کا احساس دلایا۔ اقبال نے محنت کرنے والوں کی عزت، وقار اور اہمیت کو اپنی شاعری کا اہم موضوع بنایا۔

صدرِ مملکت کے مطابق علامہ اقبال کا پیغام آج بھی معاشرے کے لیے مشعلِ راہ ہے اور ان کے افکار نئی نسل کو خودی، خود اعتمادی، محنت اور قومی ترقی کی طرف رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔

یومِ اقبال کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات کے انعقاد کا مقصد بھی شاعرِ مشرق کی فکر، فلسفے اور قومی خدمات کو اجاگر کرنا اور نئی نسل کو ان کے پیغام سے روشناس کرانا ہے۔

More News