علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کی امنگوں کو فکری رہنمائی دی، آصف علی زرداری

علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کی امنگوں کو فکری رہنمائی دی، آصف علی زرداری

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے شاعر مشرق، مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری، فکر اور فلسفے کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کی امنگوں کو فکری رہنمائی فراہم کی اور انہیں ایک الگ شناخت اور خودمختار مستقبل کا شعور دیا۔

علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ علامہ اقبال کی فکر نے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، خود اعتمادی اور اجتماعی شعور کو فروغ دیا۔ ان کے افکار نے مسلمانوں کو اپنی تہذیبی، مذہبی اور قومی شناخت کا احساس دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال محض ایک عظیم شاعر ہی نہیں بلکہ ایک بلند پایہ مفکر، فلسفی اور سیاسی رہنما بھی تھے، جنہوں نے اپنے کلام کے ذریعے مسلمانوں کو بیداری، اتحاد اور جدوجہد کا پیغام دیا۔ ان کی شاعری نے برصغیر کے مسلمانوں کو غلامی کی زنجیریں توڑنے اور اپنے روشن مستقبل کے لیے جدوجہد کرنے کا حوصلہ بخشا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ علامہ اقبال کا تصور پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کی سیاسی اور قومی جدوجہد میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کے لیے ایک ایسے الگ وطن کا تصور پیش کیا جہاں وہ اپنی مذہبی، تہذیبی اور سماجی اقدار کے مطابق آزادانہ زندگی گزار سکیں۔

صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ علامہ اقبال کے افکار آج بھی پاکستانی قوم بالخصوص نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ہیں۔ ان کی تعلیمات میں خودی، محنت، علم، کردار سازی اور مسلسل جدوجہد جیسے بنیادی اصول نمایاں ہیں، جن پر عمل پیرا ہو کر قوم ترقی اور خوشحالی کی منزل حاصل کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے علامہ اقبال کے پیغام کو سمجھنا اور اسے عملی زندگی میں اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اقبال کے فلسفہ خودی سے رہنمائی حاصل کریں، علم و تحقیق کو اپنا شعار بنائیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

صدر آصف علی زرداری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال، ترقی پسند اور جمہوری ریاست بنانے کے لیے علامہ اقبال کے نظریات اور تعلیمات سے رہنمائی حاصل کرنا ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقبال کا پیغام آج بھی اتحاد، خودداری اور قومی ترقی کی راہ دکھاتا ہے۔

More News