علامہ اقبالؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع
شاعرِ مشرق اور مفکرِ پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کی عظیم قومی، علمی اور فکری خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی۔
قرارداد میں علامہ محمد اقبالؒ کی قومی جدوجہد، علمی مقام، فلسفہ اور برصغیر کے مسلمانوں میں سیاسی و فکری شعور بیدار کرنے کے لیے ان کی خدمات کو سراہا گیا ہے۔ قرارداد کے ذریعے ان کی شخصیت اور افکار کو قومی تاریخ کا اہم سرمایہ قرار دیتے ہوئے نئی نسل کو ان کی تعلیمات سے روشناس کرانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
علامہ اقبالؒ نے اپنی شاعری اور فکر کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کو خودی، خوداعتمادی، اتحاد اور آزادی کا پیغام دیا۔ ان کے افکار نے مسلمانوں میں ایک الگ قومی تشخص اور سیاسی شعور کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
اقبالؒ کا تصورِ خودی انسان کو اپنی صلاحیتوں پہچاننے، خود اعتمادی پیدا کرنے اور بلند مقاصد کے حصول کے لیے جدوجہد کرنے کا درس دیتا ہے۔ ان کی شاعری آج بھی نوجوانوں سمیت معاشرے کے مختلف طبقات کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔
قرارداد میں اس امر کی اہمیت اجاگر کی گئی ہے کہ علامہ اقبالؒ کی علمی و فکری خدمات کو محض تقریبات اور رسمی خراجِ عقیدت تک محدود رکھنے کے بجائے ان کے پیغام کو عملی زندگی میں اپنایا جائے۔
ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ نے اپنے کلام اور فکر کے ذریعے مسلمانوں کو بیداری، خودداری اور جدوجہد کا درس دیا۔ ان کا تصورِ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرانے کا مقصد قومی شاعر کی خدمات کا اعتراف اور ان کے افکار و نظریات کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔







