تربیلا ڈیم حادثہ، وزیراعظم شہباز شریف نے نوٹس لے لیا، متعلقہ حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب
وزیراعظم شہباز شریف نے تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کی کنکٹنگ ٹنل میں پیش آنے والے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے واقعے کے اسباب، پس منظر، نقصانات اور اب تک کیے گئے اقدامات سے متعلق مکمل حقائق پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تربیلا فائیو توسیعی پن بجلی منصوبے کی ٹنل میں کھدائی کے دوران چٹان کا کمزور حصہ گرنے سے پانی ان ٹیک پٹ سے ٹنل اور پاور ہاؤس میں داخل ہوگیا تھا۔ واقعے کے بعد منصوبے کے متاثرہ حصے کا جائزہ لینے کے لیے واپڈا اتھارٹی کے حکام آج جائے وقوعہ کا دورہ کریں گے۔
وزارت آبی وسائل کے مطابق واپڈا حکام ٹنل کے متاثرہ حصے کا معائنہ کریں گے اور حادثے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ حکام کی جانب سے موقع پر صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد انکوائری سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا، جبکہ معائنے کی روشنی میں منصوبے کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل بھی طے کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے طلب کی گئی رپورٹ میں حادثے کی وجوہات، ذمہ داران کے تعین اور مالی و دیگر نقصانات کی تفصیلات شامل ہوں گی۔ متعلقہ اداروں کو یہ بھی بتانا ہوگا کہ واقعے کے بعد اب تک کیا اقدامات کیے گئے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے کیا حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔
دوسری جانب تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں پانی کے اضافی اخراج کے پیش نظر متعلقہ علاقوں میں بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں پانی کا اخراج ڈیڑھ لاکھ کیوسک سے تجاوز کرنے کا امکان ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی پانی کا بہاؤ اسی سطح سے زیادہ رہ سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ضروری حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ شہریوں کو دریائے سندھ کے کنارے جانے، نہانے، تیراکی اور کشتی رانی سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ والدین سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ بچوں کو دریا اور ندی نالوں کے قریب نہ جانے دیں۔
ترجمان واپڈا کے مطابق کنکٹنگ ٹنل کے سیکنڈ بینچ کی کھدائی کے دوران چٹان کا کمزور حصہ گرنے سے پانی اندر داخل ہوا تھا، تاہم ان ٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکالا جا چکا ہے۔ اب واپڈا حکام کے معائنے کے بعد مزید اقدامات کا فیصلہ کیا جائے گا۔







