ویکسین خریداری مبینہ کرپشن کیس میں اہم پیش رفت، ملزم کا جوڈیشل ریمانڈ منظور

ویکسین خریداری مبینہ کرپشن کیس میں اہم پیش رفت، ملزم کا جوڈیشل ریمانڈ منظور

اسلام آباد میں ویکسین کی خریداری میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جہاں گرفتار ملزم عثمان محمد وصال کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔

ایف آئی اے نے ملزم کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے ایف آئی اے کو مقدمے کا چالان جلد جمع کرانے کی ہدایت بھی کی ہے، جبکہ اس کیس میں گرفتار دیگر ملزمان پہلے ہی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔ ملزم عثمان محمد وصال کو کراچی سے گرفتار کیا گیا تھا۔

ایف آئی اے کے مطابق مقدمہ حج اور عمرہ زائرین کے لیے ویکسین کی خریداری کے پانچ سالہ ٹھیکے میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں سے متعلق ہے۔ الزام ہے کہ خریداری کے عمل میں قواعد و ضوابط کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک مخصوص کمپنی کو فائدہ پہنچایا گیا۔

تحقیقاتی ادارے کے مطابق اس معاہدے کے نتیجے میں قومی خزانے کو تقریباً 2 ارب 44 کروڑ 50 لاکھ روپے کے ممکنہ نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ تاہم یہ الزامات تاحال زیرِ تفتیش ہیں اور ان کا حتمی تعین عدالتی کارروائی کے بعد ہوگا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے 10 نومبر کو پریس کانفرنس میں انکوائری رپورٹ منظرِ عام پر لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں سرکاری خزانے سے کوئی رقم خرچ نہیں ہوئی۔ ان کے مطابق 18 کروڑ 30 لاکھ 55 ہزار روپے نادرا کے اکاؤنٹ میں موجود ہیں اور متعلقہ کمپنی کو تاحال کوئی ادائیگی نہیں کی گئی۔

وزیر صحت نے 10 ارب روپے کی کرپشن کے دعوے کو بھی مسترد کیا اور کہا کہ انکوائری میں بارڈر ہیلتھ سروسز کے حکام کی جانب سے وزارت صحت کو اعتماد میں لیے بغیر خریداری کا عمل آگے بڑھانے اور قواعد کی خلاف ورزی کی نشاندہی ہوئی ہے۔

 

More News