سرکاری فائلیں اب الماریوں میں نہیں سڑیں گی، ایس آئی ایف سی کا ماسٹر پلان،پختونخوا کے کاروباریوں کی بلے بلے

ایس آئی ایف سی کا خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بڑا منصوبہ، کاروباری رکاوٹیں ختم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: خیبرپختونخوا میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے اور کاروباری برادری کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) نے اہم اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ایس آئی ایف سی کے اعلیٰ حکام نے خیبرپختونخوا کا دورہ کیا اور صوبائی حکومت، چیف سیکریٹری اور مختلف چیمبرز آف کامرس کے نمائندوں سے اہم ملاقاتیں کیں۔

دورے کا بنیادی مقصد صوبے میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا، سرکاری محکموں میں غیر ضروری دفتری رکاوٹوں کا خاتمہ اور کاروباری طبقے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔ اجلاسوں میں صوبے کی معاشی صورتحال، صنعتی ترقی اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ایس آئی ایف سی حکام نے شرکا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آسان کاروبار ایکٹ، نیشنل بزنس پورٹل اور بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز کے قیام سے کاروباری سرگرمیوں کو آسان بنانے اور سرمایہ کاروں کو ایک ہی جگہ پر ضروری سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

ان اقدامات کا مقصد کاروبار شروع کرنے اور سرمایہ کاری کے عمل میں حائل غیر ضروری قانونی و انتظامی پیچیدگیوں کو کم کرنا ہے، تاکہ سرمایہ کاروں کو سرکاری دفاتر کے بار بار چکر نہ لگانے پڑیں اور ان کے مسائل بروقت حل ہو سکیں۔

اجلاس میں خیبرپختونخوا کے تین اہم صنعتی مراکز حطار، رشکئی اور دارابن اسپیشل اکنامک زونز کی ترقی اور استعداد کار بڑھانے کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔ حکام نے ان صنعتی زونز کو فعال بنانے، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا۔

ان صنعتی زونز کو صوبے کی معاشی ترقی کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں نئی صنعتوں کے قیام سے روزگار کے مواقع پیدا ہونے، مقامی کاروبار کو فروغ ملنے اور صنعتی پیداوار میں اضافے کی توقع ہے۔ بالخصوص نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے راستے کھلنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔

ایس آئی ایف سی حکام کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں سرمایہ کاروں کو درپیش جائز مسائل حل کرنے اور کاروباری ماحول بہتر بنانے کے لیے مل کر کام کر رہی ہیں۔ اس مقصد کے لیے سرکاری اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور پالیسیوں پر مؤثر عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایس آئی ایف سی کا قیام ملکی معیشت میں سرمایہ کاری بڑھانے، مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کو تیز کرنے اور وفاق و صوبوں کے درمیان تعاون مضبوط بنانے کے لیے عمل میں لایا گیا تھا۔

خیبرپختونخوا میں جاری یہ اقدامات صوبے کے صنعتی و تجارتی شعبوں کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتے ہیں، تاہم ان منصوبوں کی کامیابی کا انحصار عملی اقدامات، شفافیت اور بروقت عمل درآمد پر ہوگا۔

More News